علی گڑھ،7؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیراعظم نریندرمودی اوروزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف فیس بک پر شبیہ خراب کرنے والی تصویر پوسٹ کرنے کے معاملے میں بہوجن سماج پارٹی کے ایک مقامی رہنما سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ جلالی قصبے کے بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر شنکر لال پپل نے چار جون کو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی شبیہ خراب کرنے والی تصویر فیس بک پر پوسٹ کی تھی۔اسی گاؤں کے جاوید عالم نے یہ تصویر اپنے فیس بک پیج پر لائیک کی تھی۔کل علی گڑھ کے بی جے پی لیڈر اور چھررا کے ممبر اسمبلی رودرپال سنگھ اور شہر کی میئر شکنتلا بھارتی نے اس مسئلے کو پولیس کے اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھایااورشکایت درج کرائی۔کل شام پولیس نے بی ایس پی لیڈر اور اس پوسٹ اسٹاک کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔